کراچی: جوہر آباد میں پولیس مقابلہ،2ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ، پاک کالونی،جوہرآباد،بریگیڈ،شاہ لطیف اور لانڈھی سے منشیات فروش سمیت پندرہ ملزمان پکڑے گئے۔ پولیس کے مطابق پاک کالونی میں پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔ جوہرآباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں جبکہ بریگیڈ پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرنیوالے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں فراز احمد،سجاد علی،عالمگیر اور ظہیر علی شامل ہیں۔ دوسری جانب شاہ لطیف انویسٹی گیشن پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان میر محمد اور مشتاق علی کو گرفتار کر لیا۔ لانڈھی میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔