پولیس اپنا رویہ بہتربنائے،عوام کو تھانوں میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اورجرائم کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اوراس ضمن میں کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اوراس حوالے سے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں جو نظر بھی آنے چاہئیں کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں تساہل برتنے والے افسروں سے باز پرس ہوگی اور کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے آر پی اوز اورڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ جرائم کی بیخ کنی کیلئے فعال اورمتحرک انداز میں کام کیا جائے اورکسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں رکھے بغیرپولیس جانفشانی سے فرائص سرانجام دے اورجرائم کی بیخ کنی کرے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو تھانوں میں دادرسی کیلئے آنے والوں سے شفقت سے پیش آنا چاہیے۔پولیس اپنا رویہ بہتربنائے،عوام کو تھانوں میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی مہم کی تفصیلات باقاعدگی سے فراہم کی جائیں اورقتل،ڈکیتی ،راہزنی اوردیگر جرائم کے سدباب کیلئے ٹھوس حکمت عملی بنائی جائے۔ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر امن وامان کے حوالے سے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کو نتائج دینا ہوں گے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا یاجائے گااورصوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے معروف اداکارہ روحی بانو کے انتقال پر دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے روحی بانو مرحومہ کی فن کے فروغ کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روحی بانومنجھی ہوئی ور سٹائل اداکارہ تھیں اوروہ ایک عرصہ تک سکرین پر چھائی رہیں۔انہوں نے کہا کہ روحی بانو کے مداح ان کی لازوال اداکاری کوکبھی بھول نہیں پائیں گے۔روحی بانو نے ٹی وی ڈراموں کوایک نئی شناخت دی۔مرحومہ کی فن کے فروغ کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھاجائے گا۔