پرانا فرسودہ نظام کرپشن کے خلاف فعالیت سے کام نہیں کر سکتا ،شہزاد اکبر
معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پرانا اور فرسودہ نظام کرپشن کے خلاف فعالیت سے کام نہیں کر سکتا۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اپوزیشن بغلیں بجا رہی ہے۔ میں اس رپورٹ پر وضاحت ضروری سمجھتا ہوں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک پریشر گروپ ہے جو عملی طور پر کام نہیں کرتا لیکن تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف عملی اقدامات کر رہی ہے۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا اپنا تاثر بھی پاکستان کے حوالے سے زیادہ اچھا نہیں، اس کے سربراہ کو گزشتہ حکومت نے جب سفیر لگایا تو پاکستان کا انڈیکس بڑا اچھا ہو گیا تھا۔ معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ نیب کی فعالیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انسداد بدعنوانی نے دس سال سے زیادہ ریکوری کی۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے کے اندر ادارہ جاتی اصلاحات کی جا رہی ہیں، اس کے ثمرات جلد عملی طور پر نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرانا فرسودہ نظام کرپشن کے خلاف فعالیت سے کام نہیں کر سکتا، اسی وجہ سے ایف بی آر میں اصلاحات کی جا رہی ہیں جبکہ نیب قوانین کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔