پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں خونریزی رکوانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کارلارہاہے:فخر امام
کشمیرکمیٹی کے چیئرمین سیدفخرامام نے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اورخونریزی رکوانے کے لئے بھارت پردبائوڈالنے کی غرض سے تمام ذرائع بروئے کارلارہاہے۔ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عالمی فورموں پر آواز اٹھاکر نریندرمودی پربھرپورطریقے سے دبائوڈال رہے ہیں تاکہ مقبوضہ وادی میںغیرجمہوری محاصرہ ختم کرایاجائے۔فخرامام نے کہاکہ پاکستان کی قیادت تمام دستیاب عالمی فورموں پربھارتی حکومت کے فسطائی، نسل پرست اورانتہاپسندچہرے کو بھرپورطریقے سے بے نقاب کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں، دانشوروں، شعراء اور دوسری شخصیات سمیت بھارتی عوام بھی مودی کے بالادستی کے عزائم پرتنقیدکررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پانچ فروری کومکمل جوش وخروش سے یوم یکجہتی کشمیر منایاجائے گا جس کامقصد دنیابھرکویہ پیغام دیناہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں غیرقانونی محاصرے کانوٹس لے۔