مہنگائی کا طوفان :ادارہ شماریات کی رپورٹ اور مارکیٹ کے نرخوں میں زمین وآسمان کا فرق

ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے لیکن اس رپورٹ اور مارکیٹ کے نرخوں میں واضع فرق ہے ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی 3 روپے 60 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی اور اس کی قیمت 74 روپے 29 پیسے سے بڑھ کر 77 روپے 89 پیسے فی کلو ہوگئی ہے حالانکہ مارکیٹ میں چینی 87روپے کلو مل رہی ہے نیز چینی سے تیارمٹھائی اور چائے سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے محکمہ شماریات نے بتایا کہ ایک سال میں چینی 18 روپے 86 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، ایک سال قبل چینی کی قیمت 59 روپے 3 پیسے فی کلو تھی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 167 روپے مہنگا ہوا، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک سال قبل 788 روپے تھی اوریہ اب 955 روپے ہوچکی ہے آٹے کے حالیہ بحران میں بڑھی قیمتوں کے تناظر میں یہ دعویٰ بھی مضحکہ خیز تصور کیا جارہا ہے کیونکہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں آٹے کا جوبحران پیدا ہوا ہے اس میںکراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، برائلر مرغی، دالیں، گائے کا گوشت اور چائے بھی مہنگی ہوئی ہے۔ادارہ شماریات کے دعوے کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیاءکی قیمتوں میں استحکام رہا، گذشتہ ہفتے میں 27 اشیائکی قیمتوں میں کمی ہوئی۔