وزیر اعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین میں ملاقات ،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار سے جہانگیر ترین نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔لاہورمیں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے،مل کر عوام کی خدمت کررہے ہیںاور کرتے رہیں گے سازشیں کرنیوالے پیچھے رہ جائیں گے ، اختلاف کا پراپیگنڈا کرنے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے جہانگیر ترین کو بتایا کہ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے، نہ پریشر گروپ، ہم تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے ، ہم نے ڈیڑھ برس میں وہ کام کئے جو سابق حکومتیں برسوں میں نہیں کرسکیں، اب نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔دوسری جانب وزیر اعلی نے انصاف لائرز فورم کے وفد سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کو صحت کارڈ ز دیئے جائیں گے، جبکہ وکلا کنونشن میں پیکج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔