مسلم لیگ ن کا قومی اثاثے نیلام اور گروی رکھنے کا عمل روکنے کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج اوراثاثے گروی رکھنے کا عمل روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں منصوبے بن رہے تھے جبکہ نئے پاکستان میں منصوبے نیلام ہو رہے ہیں۔ نالائقوں، نااہلوں اور چوروں نے پاکستان کو نیلام گھر بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سب بیچ دے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ قومی اثاثے جس احمقانہ طریقے سے گروی رکھے جا رہے ہیں، کوئی محب وطن ایسا نہیں کرسکتا ۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایف نائن پارک سمیت قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ گروی رکھے جارہے ہیں۔ قوم کو پتہ چلنا چاہیے کہ اس مشکوک عمل میں کس کی جیب میں کتنے پیسے جا رہے ہیں،عوام کا آٹا، بجلی، گیس، دوائی، روزگار، کاروبار کھانے والا چور اور کرپٹ مافیا اب قوم کے اثاثے کھا رہا ہے۔ پاکستان کے اثاثے گروی رکھنے کے ایجنڈے پر عمل کے لئے عمران خام کو فارن فنڈنگ ہوئی تھی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ کے اثرات آج پاکستان کے ہر شعبےمیں دیکھے جا سکتے ہیں، کسی ملک کے خلاف صرف سب سے بڑی سازش نکمی، نالائق، چور اور کرپٹ حکومت مسلط کرنا ہوتا ہے، آج کے حالات گواہی دے رہے ہیں کہ عمران صاحب کو کیوں ملک پر مسلط کیا گیا؟ کیوں اربوں روپے عمران صاحب کی جیب میں ڈالے گئے؟