پی ڈی ایم کا لانگ مارچ 23 مارچ کو ہوگا، تاریخ تبدیل نہیں ہوگی: سربراہی اجلاس
اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل اور منی بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔ پی ڈی ایم نے اعلان کردہ لانگ مارچ کی تاریخ بھی تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں کیے گئے جو اختتام پذیر ہو گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ اجلاس کی صدارت سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کی جب کہ شرکا میں شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، ڈاکٹرطارق فضل چوہدری، بلال کیانی، عبدالمالک، آفتاب خان شیرپاؤ، اویس نورانی، حافظ عبدالکریم اور حافظ حمداللہ شامل تھے۔
امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں میاں شہباز شریف، مریم نواز اور احسن اقبال نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لانگ مارچ سے قبل حکومت کے اتحادیوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔