فواد چوہدری کی گرفتاری :لاہور ہائیکورٹ نے سماعت دوبارہ ملتوی کردی۔

لاہورہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت دوبارہ آغاز کے کچھ دیر بعد پھر ملتوی کردی گئی۔ درخواست کی سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔ اس سے قبل عدالت نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کی تھی ۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست احمد پنسوتا ایڈووکیٹ نے داٸر کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری غیر قانونی ہے، فواد چوہدری کو ایف آئی آر تک نہیں دکھائی گئی، گرفتاری کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔ دوبارہ سماعت کے آغاز پر وکیل نے کہا کہ ابھی تک فواد چوہدری کو پیش نہیں کیا گیا، ڈی ایس پی نے بتایا ہے کہ فواد چوہدری کو لارہے ہیں۔اس پرعدالت نے کچھ دیر کے لئے سماعت ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری جہاں کہیں بھی ہیں، پولیس انہیں آدھے گھنٹے میں پیش کرے۔ یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔عدالت نے سماعت سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے کہ فواد چودری کو علی الصبح حراست میں لیا گیا تھا، ان کے خلاف سیکریٹری الیکشن کمیشن عمرحمید کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔گرفتاری کے بعد پولیس نے فواد چوہدری کو کینٹ کچہری میں پیش کیا۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا راہدری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے کی اجازت دے دی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کا سروسز اسپتال سے میڈیکل کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔بعدازاں پولیس حکام فواد چوہدری کو لے کر عدالت سے روانہ ہوگئے۔