چہرہ ڈھانپ کر فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر دیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سخت سیکیورٹی کے حصار میں فواد چوہدری کو ایف ایٹ کچہری پہنچا گیا، اسلام آباد پولیس اور ایگل سکاڈ کے سخت حصار میں کچہری پہنچایا گیا، پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری اور الیکشن کمیشن کی طرف سے سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی بھی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری اور پی ٹی آئی رہنماء زلفی بخاری، حماد اظہر، خرم شہزاد اور سینیٹر شہزاد وسیم بھی کمرہ عدالت میں پہنچے۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کی بازیابی کی درخواست خارج کردی، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چودھری کی بازیابی کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلے میں کہا تھا کہ میرے سامنے معاملہ حبس بے جا کا ہے، لیکن اب ایف آئی آر عدالت میں پیش ہوچکی ہے اس کو کیسے حبس بے جا کہہ سکتے ہیں؟ یہ کیس پہلے حبس بے جا کا تھا اب نہیں کیونکہ اب ایف آئی آر عدالت میں پیش ہوچکی ہے۔