اولمپک کے جعلی ویزے سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے، حکومت اخبار کے خلاف برطانوی عدالت سے رجوع کرے ۔ اولمپیئن منصوراحمد
کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے منصوراحمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر دہشتگردی سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کرکے بدنام کیا جارہا ہے، حالیہ اسکینڈل میں بھی پاکستانی حکام کی جانب سے اولمپک ویزہ لگوانے سے متعلق بیان جھوٹ پر مبنی ہے۔ اولمپک ویزہ کسی ایک آرگنائزیشن کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اس کےلیے دونوں ممالک کی وزارت خارجہ و داخلہ سمیت دیگر منسٹریز اور اسپورٹس فیڈریشنز کے علاوہ اولمپک کمیٹی کی منظوری بھی شامل ہوتی ہے لہذا اس کے جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ منصور احمد کا کہنا تھا کہ دو سال قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے اٹھائی گئی آواز پر حکومت نے ابھی تک نوٹس نہیں لیا خدشہ ہے کہ کہیں مستقبل میں ڈومیسٹک ہاکی کے ذریعے کی جانے والی انسانی اسمگلنگ پاکستان ہاکی پر پابندی کا باعث نہ بن جائے۔