ملک بھر میں عام انتخابات کیلئےپولنگ کا سامان پولنگ اسٹیشنز میں منتقل کردیا گیا
عام انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی اور بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں 2 لاکھ 44 ہزار 687 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ پولنگ کے سامان کو پاک فوج کی نگرانی میں متعلقہ پولنگ سٹیشنز پر پریذائیڈنگ آفیسر کے حوالے کیا گیا، پولنگ سامان کی ترسیل کے وقت الیکشن عملہ پولنگ سٹیشنز پر ہی موجود رہا، پولنگ میں سامان میں انتخابی فہرستیں، بیگز، پولنگ بوتھ، بیلٹ باکس، صوبائی اور قومی اسمبلیوں کیلئے بیلٹ پیپرز اور سٹیشنری کا سامان شامل ہے، ملک بھر میں دولاکھ بائیس سو انتالیس بیلٹ باکس کو ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا گیا، جس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے تیاریوں کا عمل مکمل ہوگیا، انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوگا اور شام چھے بجے تک بلا کسی وقفے کے جاری رہے گا۔قومی اسمبلی کیلئےسبز جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر استعمال ہوگا، بیلٹ پیپرز میں پہلی مرتبہ سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کئے گئے ہیں، الیکشن میں چھیاسی ہزار تین سو سات پریزائیڈ نگ افسران ڈیوٹی دیں گے، جبکہ پاک فوج کی تعنیاتی کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے، پولنگ عملہ کو زدوکوب یاکسی بھی طرح کانقصان پہنچانے پرسخت سزا ہوگی، عملے کیساتھ تعاون نہ کرنے اور کام میں خلل ڈالنے پر بھی سخت کارروائی ہوگی،الیکشن کمیشن میں الیکشن سیل اور کنٹرول روم قائم کردیا جس میں تین سکرینز نصب ہیں۔