کوئٹہ بم دھماکے کے بعد پشاور میں سیکورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی
ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پشاور سمیت صوبے بھر میں الیکشن کے روز سیکورٹی انتہائی سخت رہی جبکہ کوئٹہ بم دھماکے کے بعد شہر میں سیکورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق پچیس جولائی کی صبح سے ہی پشاورمیں سیکورٹی انتہائی سخت تھی اور شہر میں اضافی پولیس ناکے بھی قائم کئے گئے تھے جبکہ جی ٹی روڈ سمیت ہشت نگری اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر جدید اسلحہ سے لیس اہلکاروں کو اضافی ناکوں پر تعینات کیاگیا ۔ پولنگ سٹیشنوں کی طرف جانے والے راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی تاہم کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد شہر میں سیکورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی اور پولنگ سٹیشنوں کے راستے مختلف رکاوٹو ں کے ذریعے بند کر دیئے گئے جبکہ خواتین پولنگ سٹیشنوں کی طرف جانے والے راستوں پر مردوں کے داخلے پر پابندی عائد کر کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کر نے کے ساتھ ساتھ اہلکار بھی تعینات رہے ۔