ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لئے ملک کی چار اہم شخصیات کو خطوط ارسال
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر کی ہاکی آرگنائزیشنوں نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لئے ملک کی چار اہم شخصیات کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔ مذکورہ آرگنائزیشنوں نے جن حکومتی شخصیات کو خطوط ارسال کیے ہیں ان میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان شخصیات کو مختلف آرگنائزیشنوں کے رہنماؤں کے مشترکہ دستخطوں سے جو خطوط ارسال کئے گئے ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر کئے گئے لاک ڈاؤن کے باعث گزشتہ چار ماہ سے ہاکی کی سرگرمیاں بند ہیں جس کے باعث شہر کی مختلف گراؤنڈز ویران پڑی ہیں، ہاکی کے کھلاڑی خود کو مصروف رکھنے کے لئے دیگر سرگرمیوں میں ملوث ہیں، لہٰذا فوری طور پر ہاکی کے کھیل کی بحالی کی اجازت دی جائے تاکہ ہاکی کے کھلاڑی اور دیگر نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں مصروف ہو سکیں۔