اے جے کے الیکشن: پی ٹی آئی، پی پی اور ن لیگ ایک ایک نشست پر کامیاب
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ساتھ نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے اور متعدد پولنگ اسٹیشنز سے نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک ایک نشست حاصل کرلی ہے۔ایل اے 40کشمیر ویلی 1 سے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے عامر عبدالغفار 2165 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے محمد سلیم بٹ 875 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے پی ٹی آئی کے جاوید بٹ 774 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کی نسیمہ خاتون 720 ووٹ لے سکیں۔اسی طرح ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2007 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی مہرالنسا 1163 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں۔