سپریم کورٹ کا فل بینچ نہیں بنتا تو سماعت کا بائیکاٹ کریں گے: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد کا متفقہ فیصلہ ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف درخواست سننے کے لیے سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل نہیں دیا جاتا تو ہم مقدمے کی سماعت کا بائیکاٹ کریں گے اور حمزہ شہباز فریق نہیں بنیں گے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ویسے بھی ایسے جج صاحبان جو خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف مانیٹرنگ جج کی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہے ہیں، اور ان بنچز میں بھی شامل رہے ہیں جن بینچز سے نہ صرف نواز شریف کو سزا دی گئی بلکہ پانامہ کا فیصلہ دیا گیا اور نواز شریف کو پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اے کا فیصلے سے متعلق 99 فیصد قانونی برادری کی رائے ہے کہ یہ آئین کو دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے، اس میں ووٹ ڈالنے اور اس کو شمار نہ کرنے کی بات کی گئی ہے جبکہ آئین میں پوری اسکیم موجود ہے جس میں ووٹ ڈالنے، اس کو شمار ہونے، مسترد ہونے، ڈیکلریشن ہونے، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کرنے اور سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی پوری اسکیم درج ہے۔