میچ فکسنگ کی طرح “بینچ فکسنگ” پربھی ازخود نوٹس ہونا چاہیے: اتحادی جماعتوں کی پریس کانفرنس
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عدلیہ کی توہین متنازع فیصلے کرتے ہیں، ایک غلط فیصلہ پورے مقدمے کو اڑا کر رکھ دے گا۔
حکومت اور اتحادی جماعتوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کے حوالے سے فل کورٹ بینچ کی تشکیل کے لیے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز الیکشن جیتے اور تحریک انصاف سپریم کورٹ لاہوررجسٹری کی دیواریں پھلانگ کرعدالت پہنچی، رجسٹرار بھاگا بھاگا آیا، پٹیشن تیار نہیں تھی، رجسٹرار نے کہا آپ پٹیشن تیار کریں ہم یہاں بیٹھے ہیں۔