قیمتوں میں اضافے پر اگلے چند ہفتوں میں قابو پالیا جائے گا: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے آئندہ چند ہفتوں میں قیمتوں میں اضافے پر قابو پالیا جائے گا اور اگلے ہفتے روپیہ پر دباؤ بھی کم ہوجائے گا۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سرکاری نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو میں وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ بہتر فیصلہ سازی کے نتیجے میں رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ معاشی اہداف حاصل کر لیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں بڑھتی ہوئی کساد بازاری کے پیش نظر برآمدات میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہو سکتا ہے اور اسی تناظر میں ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی، معیشت کے اہم برآمدی شعبے کو سہارا دینے کے لیے صنعتی فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔