صدر زرداری کو پاکستان اورعوام سے کوئی لگاؤ نہیں۔ شہباز شریف
مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری کو پاکستان خصوصاً پنجاب کے عوام سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔ تمام صوبوں میں یکساں لوڈ شیڈنگ ہونی چاہیے لیکن اس معاملے میں پنجاب سے زیادتی کی جارہی ہے جبکہ شہریوں پر بجلی کے بل بم بن کرگررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بار پھر کہا کہ نئے وزیراعظم سے انہیں کوئی امید نہیں ہے۔ اس سے قبل ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے خیموں اور کمبلوں کا وسیع اسٹاک رکھا جائے جبکہ تمام اداروں کو چوکس رکھا جائے۔وزیراعلی پنجاب نے دریاؤں کے پشتوں کا جائزہ لینے کے لئے تین کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلاب میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے عالمی اداروں سے مشاورت اور ویئر ہاؤسز کے قیام کا پلان بھی تشکیل دیا جائے۔