ایک سو بیس میل کی رفتار سے بھاگ کر مسائل حل کرینگے،وزیراعظم ۔ اداروں کا اپنے دائرہ اختیار سے باہر نکلنا خطرناک ہے،الطاف حسین ۔

نومنتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور وفاقی وزراء نے نائن زیرو کا دورہ کیا، اس موقع پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کی بجائے محبت اور اخوت کی ضرورت ہے، ترقی کا زینہ محبتوں کی راستے سے گزرتا ہے۔ انھوں نےکہا کہ جب وہ پیدا ہوئے تو منہ میں پیتل کا چمچ بھی نہیں تھا، وزیراعظم منتخب کرنے پر صدر زرداری اور اتحادیوں کا شکرگزار ہوں، عوام اور صدرآصف زرداری کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دونگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ الطاف حسین نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور کراچی میں امن و امان کے فوری حل کا کہا ہے جس کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور ایک سو بیس میل کی رفتار سے بھاگ کر مسائل حل کرنے کی کوشش کرینگے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ کسی کو بھی کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، لوگوں کو مارنے والوں کا کسی پارٹی یا مذہب سے تعلق نہیں۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ سب اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، کسی کو اپنے دائرہ اختیار سے باہر نہیں جانا چاہئے، اداروں کا اپنے دائرے سے نکل کر اقدامات کا رجحان اداروں کیلئے خطرناک ہے، انھوں نے کہا کہ صدر نے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینا قبول کرکے محاذ آرائی سے گریز کیا، صدر زرداری نے ساڑھے چار سال کڑے وقت کا سامنا کیا، کوئی اور ہوتا تو ہمت ہار جاتا۔ انہوں نے کہا کہ این آر او پر اپوزیشن متحد ہوکر مجھ سے گفتگو کرے، اگر میں متحدہ اپوزیشن کو قائل نہ کرسکا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ خدارا اپوزیشن جمہوریت کی گاڑی کو چلتا رہنے دے اور الیکشن کیلئے جہاں اتنا صبر کیا تھوڑا اور کرلے۔