احتساب عدالت نے نوازشریف اور مریم نواز کو مزید تین روز کے لیے حاضری سے استثنٰی دیدیا
شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی۔ دوران سماعت جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ ملزمان میں سے کوئی بھی نظر نہیں آرہا جس پر نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر تھوڑی دیر میں پیش ہوجائیں گے۔ سماعت کے دوران نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے حاضری سے مزید سات دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست کیساتھ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس پر جج محمد بشیر نے نوازشریف اور مریم نواز کو حاضری سے تین دن کا استثنیٰ دیدیا۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب سردارمظفرعباسی کا کہنا تھا کہ کلثوم نوازکی بیماری بارے جو میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی اس پر کسی ڈاکٹر کے دستخط نہیں ہیں۔ اس پر خواجہ حارث نے جواب دیا بیگم کلثوم نواز مسلسل بیمار اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔دلائل کے دوران خواجہ حارث نے نکتہ اٹھایا کہ نوازشریف پر جے آئی ٹی کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔ اپنے پورے بیان میں واجد ضیا پہلے دستاویز کا متن پڑھتے اور پھر رائے دیتے رہے۔ پاناما جے آئی ٹی کی رپورٹ ناقابل قبول شواہد ہے۔