نیب ہیڈ کوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، لیکن زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ کرپشن کے خلاف جہاد بلاتفریق جاری رہے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں نیب لاہور کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ افسران سے خطاب میں چیئرمین نیب کا کہنا تھاکہ میگا کرپشن مقدمات کو فائلوں سے نکالا جس کی وجہ سے کرپشن مقدمات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی۔ آنے والے دنوں میں میگا کرپشن کیسز کے مقدمات ریفرنس کی صورت میں احتساب عدالتوں میں پیش کریں گے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے انکشاف کیا کہ نیب ہیڈکوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے لیکن زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ بدعنوانی کے خلاف بلاتفریق جہاد جاری رہے گا۔ ان کاکہنا تھاکہ نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں۔ نیب کے سامنے صرف اورصرف پاکستان کے مفادات کا تحفظ اور بدعنوانی کا خاتمہ مقصود ہے۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کمپنیز اسکینڈل میں اربوں روپے کی مبینہ بدعنوانی ہوئی۔نیب بلاتفریق کاررواییاں جاری رکھے گا۔