سونے کی قیمت مزید اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
سونے کی فی تولہ قیمت 600روپے اضافے کے بعد 79ہزار 200روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ملک میں روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر 157 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے جب کہ انٹر بینک میں 7 پیسے مہنگا ہونے کے بعد قیمت 156.83سے بڑھ کر 156.90 روپے پر پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو بھی پر لگے ہوئے ہیں اور قیمت میں مسلسل اضافہ نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے، عالمی مارکیٹ میں سونا 8ڈالر کے اضافے سے 1408ڈالرفی اونس ہوگیا ہے، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستانی صرافہ مارکیٹوں پر پڑرہا ہے اور آج بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 500اور 514روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 79 ہزار 200 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 67ہزار 901روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔