حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں قانون کی حکمرانی کے لیے بد عنوانوں کو گاڑیوں کے پیچھے باندھ کر سڑکوں پر گھمانے کی تجویز
حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں قانون کی حکمرانی کے لیے بد عنوانوں کو گاڑیوں کے پیچھے باندھ کر سڑکوں پر گھمانے کی تجویز دے دی گئی ہے ۔ چوروں ، ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔بجٹ پر تقریر کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ میثاق معیشت کے لیے اپوزیشن لیڈر کو ان کی جماعت کی حمایت حاصل نہیں ہے ۔ حکومت اپوزیشن لیڈر سے بات کرنے کو تیار ہے ۔ احتساب کے بارے میں میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا میرے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ نیب تو پہلے بھی تھا ۔ احتساب تو اس دور میں ہو رہا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ رلاؤں گا رلا دیا ۔ چور کو پکڑوں گا پکڑا ۔ ڈاکوؤں کو اندر کروں گا ۔ ڈاکو اندر گئے ۔ کرپشن سے پاک پاکستان ہو گا ایسا ہو رہا ہے ۔ وزیر آبی وسائل فیصل واؤڈا نے مطالبہ کیا کہ بد عنوان ملک دشمن ہیں ۔ پانچ ہزار کو پھانسی پر لٹکانے سے قبل قانون کی حکمرانی کے لیے بد عنوانوں کو گاڑی کے پیچھے باندھ کر سڑکوں پر گھمایا جائے ۔ چند دنوں میں داسو ڈیم کے حوالے سے پیشرفت ہو جائے گی ۔ اپوزیشن لیڈر نے مجھ پر انتخابی دھاندلی کے الزامات لگائے ان کو ثابت کریں ورنہ مستعفی ہوں ۔ اگر الزامات ثابت کرتے ہیں تو میں خود چلا جاؤں گا ۔