یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافے کا فیصلہ
گھریلو صارفین کے لیے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں200 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کرلی ہے جس کے تحت آئندہ ماہ سے گیس مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ماہانہ 50 مکعب میٹر گیس استعمال پر فی یونٹ نرخ 63 روپے سے 52 فیصد تک اضافے کی تجویز کی گئی ہے جب کہ ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال پر فی یونٹ گیس 242 روپے سے 190.55 فیصد مہنگی کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ 200 مکعب میٹر گیس استعمال پر فی یونٹ گیس 289 روپے سے 109.46 فیصد جب کہ ماہانہ 300 مکعب میٹر گیس استعمال پر فی یونٹ گیس 463 روپے سے 168.36 فیصد مہنگی کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 400 مکعب میٹر گیس استعمال پر فی یونٹ گیس 327 روپے سے 41.92 فیصد اور ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد گیس استعمال پر فی یونٹ 16 روپے سے ایک فیصد مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔