سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور چین نے پاکستان سے تعاون کا اظہارکیا
اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ 20-2019 کی منظوری کے بعد ملک معاشی استحکام حاصل کرے گا۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوست ممالک نے جن میں سعودی عرب ، قطر، متحدہ عرب امارات اور چین شامل ہیں ، موجودہ چیلنجوں سے نکالنے کیلئے پاکستان کو امداد فراہم کی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں عوام کو گمراہ نہیں کرسکتیں اور ان کی طرف سے احتجاج کی کوئی بھی اپیل ناکامی سے دوچار ہوگی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی جوابدہ ہے اور ملک میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے اور اداروں کو مکمل طور پر باختیار بنانے کیلئے کام کررہی ہے۔جب مولانا فضل الرحمن کی کل جماعتی کانفرنس کے بارے میں سوال پر معاون خصوصی نے کہا کہ ہم مولانا کے اقتدار سے باہر رہنے کے دکھ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔اس سے پہلے تعلیمی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ملک میں یکساں نظام تعلیم لانے کیلئے صوبوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ روایتی نظام تعلیم کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوگیا ہے اور اب ہمیں اس کے ساتھ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کو منسلک کرنا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک کی تجویز بھی دی ہے۔