پاکستان اور یورپی یونین کا تذویراتی رابطوں کے منصوبے پردستخط
پاکستان اور یورپی یونین نے مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے تذویراتی رابطوں کے منصوبے پر دستخط کئے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ Federica Mogherini کے ہمراہ منگل کے روز برسلز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تذویراتی رابطوں کا منصوبہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے طویل مدت عزم ہے۔اس لائحہ عمل میں باہمی امن اور خوشحالی کا فروغ، تجارت اور سرمایہ کاری، تارکین وطن کے امور، پائیدار ترقی، توانائی، تعلیم اور ثقافت شامل ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملک سائبر سکیورٹی، منی لانڈرنگ اور کسی بھی بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی تعاون اور ایک دوسرے کے بہترین تجربات سے سیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تعلیمی میدان میں تبادلوں، عوام سے عوام کے رابطوں، ترقیاتی منصوبوں اور اچھے نظم و نسق کے امکانات روشن ہونگے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین ری ایڈمشن معاہدے کے تحت قریبی تعاون کے لئے پرعزم ہیں۔ ہم شہریوں کے عظیم تر مفاد میں مائیگریشن اور نقل و حرکت کے لئے جامع مذاکرات منعقد کرینگے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین اس منصوبے کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری تعلقات کو وسیع اور مستحکم بنانے کیلئے مزید کام کرینگے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا انحصار امن اور ترقی کے درمیان تعلقات پر جن کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم پرامن ہمسائیگی اہم فریقین کے درمیان مضبوط تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی معیشتوں کے درمیان تعلقات کے بارے میں پرعزم ہیں۔