ساہوال رینٹل پاور کیس:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اورشوکت ترین کی بریت کی درخواستیں منظور
احتساب عدالت نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو بری کردیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت میں ساہوال رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی ،احتساب عدالت کے جج محمدبشیرنے راجہ پرویز اشرف اور شوکت ترین کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا ،عدالت نے دونوں کی بریت کی درخواست منظور کرلی اور انہیں بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،جج احتساب عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ قومی خزانے کو نقصان تو پہنچا نہیں تو پھر ریفرنس کیسے جاری رکھ سکتے ہیں ۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور شوکت ترین نے رینٹل پاور کیس میں عدالت سے رجوع کررکھاتھا،سابق وزیراعظم کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا تھا کہ نیب ریفرنس قانون کے مطابق نہیں اور مجھے پر لگائے گئے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ،درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ انہیں باعزت طور پر بری کیا جائے ۔احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے راجہ پرویز اشرف اور شوکت ترین کی بریت کی درخواستیں منظو رکرلیں اور انہیں بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے