سی پیک سے ملک میں روزگار، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مکمل ہونے والے بجلی کے منصوبے ایچ وی ڈی سی لائن کو توانائی کے شعبے کے لیے سودمند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے ملک میں روزگار اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
وزیر توانائی حماد اظہر نے ایچ وی ڈی سی لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ملک کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے اور ملک کی صنعتی پیداوار بڑھانے، توانائی، انفرا اسٹرکچر، مواصلات اور خطے کے اندر رابطہ کاری بڑھانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے ملک میں روزگار اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سی پیک کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں چلارہی ہے تاکہ بروقت تکمیل ہوسکے، حکومت اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ سی پیک سے منسلک توانائی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے اور یہ حکومت سی پیک کے اندر توانائی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔