پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے پارلیمانی کمیٹی دوسرے روز بھی کسی نام پرمتفق نہ ہوسکی.
لاہور میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کےلیے قائم چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا ثناء اللہ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور ملک اقبال چنڑ شامل ہوئے جب کہ اپوزیشن کی نمائندگی شوکت بسرا، چودھری ظہیرالدین اور ذوالفقار گوندل نے کی.کمیٹی نے مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر جب کہ حزبِ اختلاف کے تجویز کردہ جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین اور سینیئر صحافی نجم سیٹھی کے ناموں پر غور کیا. اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے اپوزیشن رہنما چودھری ظہیرالدین کا کہنا تھا کہ بات چیت جاری ہے اور مثبت نتیجے کے قریب پہنچ چکے ہیں. انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ سےمتعلق کل خوشخبری کی امید ہے اور توقع ہے جلد ہی حتمی فیصلے تک پہنچ جائیں گے. جب کہ راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے کسی نام پراعتراض نہیں اٹھایا .لیکن چودھری ظہیر الدین نے بے بنیاد اعتراضات اٹھائے تھے جن کو دلائل کے ساتھ مسترد کردیا . انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تجویز کیے گئے ناموں پرپیپلزپارٹی اور ق لیگ کے علاؤہ تمام جماعتیں متفق ہیں.