پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں
یہاں برقی قمقمے اور عظیم الجثہ ٹیلی اسکرین بھی نصب ہے جس کی بدولت یہ دنیا کے جدید ترین میدانوں میں شمار ہوتا ہے۔ اسٹیڈیم میں 40 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس کی بدولت یہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعد ملک کا دوسرا سب سے بڑا کھیل کا میدان ہے۔نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ 26 فروری 1955ء کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا جبکہ پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ 21 نومبر 1980ء میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہوا۔ نیشنل اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ ٹیم کا مضبوط قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں پاکستان 1955ء میں اولین میچ سے 2000ء تک کھیلے گئے 34 میں سے 17 مقابلوں میں فتحیاب ہوا اور کبھی شکست نہیں کھائی۔ اس میدان پر پاکستان کو واحد شکست دسمبر 2000ء میں انگلستان کے ہاتھوں ہوئی۔ اب تک یہاں کھیلے گئے 39 ٹیسٹ میچوں میں سے 21 میں پاکستان کامیاب ہوا اور اس کی واحد شکست انگلستان کے خلاف مذکورہ بالا شکست تھی۔ اس میدان پر 1996ء کے عالمی کپ کا ایک کوارٹر فائنل مقابلہ بھی منعقد ہوا۔