مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ میں دھماکا، ایک سپاہی ہلاک
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کے جنگلوٹ آرمی کیمپ میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے سپاہی کی شناخت 35 سالہ لائس نائیک دیپنک توانگ کے نام سے ہوئی ہے جب کہ بری طرح جھلس جانے والے سپاہی کو آرمی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ قابض بھارتی فوج کی جانب سے حادثے سے پر کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا جا رہا ہے تاہم کشمیر پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع کٹھوا میں واقع جنگلوٹ آرمی کیمپ میں ہونے والا دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔ دوسری جانب ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے قافلے پر خود کش کار بمبار حملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد کشمیریوں کے لیے زمین مزید تنگ کردی گئی ہے، وادی بھر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور حریت رہنماؤں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اسیر یا نظر بند کردیا گیا ہے، خوف زدہ بھارتی فوج بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہی ہے۔