سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان کی ملاقات
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے پارلیمنٹ ہاوس میں اہم ملاقات کی ۔پیر کو اس ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال،علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کبھی اس سے غافل نہیں ہو سکتا۔پلوامہ حملہ مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحیت پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی رکھتے ہیں ۔کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جائے ۔دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیری عوام کے قتلِ عام کا نوٹس لے ۔بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ اسد قیصرنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ۔کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت اور انہیں آزادی سے جینے کا موقع دینا چاہیے، اسد قیصر نے واضح کیا کہ مودی سرکار انتخابات سے قبل لائن آف کنٹرول پر جان بوجھ کر حالات خراب کرنا چاہتی ہے ۔پاکستان بھارت کی طرف سے حریت رہنماوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتا ہے ۔ملاقات میں ، صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام پوری طرح مقبوضہ وادی کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔کشمیر کی عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی ۔سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے اور وہاں پر جاری نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت فوری بند کرے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور بقا کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔