دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔گورنر سندھ
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اپنے رویے سے عالم اسلام کا دل جیت لیا۔نیوزی لینڈ کی مسجد میں دہشت گرد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانی سید اریب احمد کی میت کراچی میں ان کے ورثا کے حوالے کرنے کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ا نہوں نے کہا کہ اریب کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اریب کی فیملی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اپنے رویے سے عالم اسلام کا دل جیت لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کو دہشت گردی کے علاوہ کوئی نام نہیں دینا چاہیے،دنیا میں اسلام کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام ہمیں مل جل کر رہنے کی تعلیم دیتا ہے، ہمیں اس پیغام کو دنیا تک پہنچانا ہے، دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اریب ماں باپ کا ایک ہی بیٹا تھا، پاکستان کو بھی اسلحہ سازی قانون پر نظر ثانی کرنی چاہئے ، وزیراعظم نیوزی لینڈ کے رویے کی مثال نہیں ملتی۔شہید اریب کی میت غیر ملکی پرواز ای کے 600سے کراچی لائی گئی، پاکستانی سفارت خانے کا نمائندہ اریب کی میت لے کر کراچی پہنچا ،ایئر پورٹ پر اریب کے والد نے میت وصول کی۔ اریب چارٹرڈ اکائونٹنٹ اور والدین کے اکلوتے بیٹے تھے جبکہ ان کی ایک چھوٹی بہن بھی ہے۔