پیپلزپارٹی نے جعلی اکاؤنٹس سے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی نے ماضی میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی جب کہ بلاول بھٹو نیب سے خوفزدہ ہے اس لیے رو رہے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔عثمان بزدار اور محمود خان پر اعتماد کا اظہار
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں وزرائے اعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے، دونوں کو تھوڑا وقت دیں، نتیجہ سامنے آجائے گا۔
بھارت سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی الیکشن تک ابھی بھارت سے خطرہ موجود ہے اور ہم مکمل طور پر چوکنے ہیں۔
نوازشریف کو باہر بھیجنے سے انکار
سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج سے متعلق سوال پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو علاج سے متعلق حکومت مکمل سہولیات دے رہی ہے، وہ ملک کے اندر جہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں، نوازشریف کو کس قانون کے تحت باہر علاج کے لیے بھجوائیں، ایسا کوئی قانون نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف 30 سال حکومت کرنے کے باوجود ایک ایسا اسپتال نہ بناسکےجہاں ان کا علاج ہو، انہوں نے ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بنالیں مگر اسپتال نہ بناسکے۔