قومی احتساب بیورو کی وزیراعلیٰ سندھ سے تفتیش،2ہفتے میں جواب کیلئے سوالنامہ حوالے
سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ پیر کے روزراولپنڈی میں قومی احتساب بیورو کے سامنے پیش ہوئے جہاں ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ان سے ایک مقدمے کے سلسلے میں تفتیش کی۔وزیر اعلیٰ سندھ کو ایک تحریری سوالنامہ بھی دیا گیا اور ان سے دو ہفتے میں اسے مکمل کرکے واپس کرنے کیلئے کہا گیا۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے زبانی سوالوں کے جوابات اور تحریری سوالنامے کے جوابات پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور ان کی دوبارہ طلبی کا انحصار ان پر ہوگا۔بیورو نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں یقین رکھتا ہے اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کسی دبائو کے بغیر کام جاری رکھے گا۔نیب نے ایک بار پھر کہاکہ وہ طلب کیے جانے والے ہر فرد کی عزت نفس کا خیال رکھتا ہے۔