فرانس میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کا سلسلہ جاری،مجموعی تعداد 1100 ہوگئی
فرانس میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق منگل کی شام تک اس مہلک وائرس کے سبب فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 1100 ہو گئی ہے۔ فرانس میں کرونا کے 22304 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ہونے والی فوتگیاں مجموعی اموات کا محض معمولی حصہ ہے۔ واضح رہے کہ اطالیہ (6820 اموات) اور ہسپانیہ (2696 اموات) کے بعد فرانس یورپ میں کرونا وائرس سے تیسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
اس سے قبل فرانس میں سائینٹفک کونسل نے صدر عمانوئل ماکروں کو متنبہ کیا ہے کہ ملک میں غیر سرکاری قرنطینہ کی اعلان کردہ دو ہفتے کی مدت کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ کونسل نے صدر کو بھیجی گئی تحریر میں لکھا ہے کہ 17 مارچ کو شروع ہونے والا یہ دورانیہ غالبا کم از کم چھ ہفتے جاری رہے گا۔ کونسل کے مطابق اس دوران احتیاطی تدابیر کو سخت کرنے کی ضرورت ہے۔کونسل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سماجی تنہائی فی الوقت واحد کارگر حکمت عملی ہے۔منگل کے روز فرانس میں کرونا وائرس میں مبتلا مزید 240 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔