میاں صاحب اتنی دوری اچھی نہیں ہوتی، جج کا شہباز شریف سے مکالمہ
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران جج نے شہباز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنا دور بھی نہ بیٹھیں میاں صاحب، اتنی دوری اچھی نہیں ہوتی جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔جمعرات کواحتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے حاضری مکمل کروائی۔سماعت کے آغاز پر نیب کے گواہ تنویر حسین کے بیان پر وکلا کی جرح شروع ہوئی تو شہباز شریف کے وکیل نے فاضل جج سے استدعا کی کہ میاں شہباز شریف بیٹھنا چاہتے ہیں عدالت اجازت دے۔جج نے شہبازشریف کو ہدایت کی کہ میاں صاحب آپ بیٹھ جائیں مگر دور دور بیٹھیں، اس پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم بہت دور دور بیٹھیں گے جج صاحب۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اتنا دور بھی نہ بیٹھیں میاں صاحب، اتنی دوری اچھی نہیں ہوتی ہے، اس پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔