سازشی از خود ایک دوسرے پر برس رہے اور راز کھول رہے ہیں۔سعد رفیق

وفاقی وزیر برائے ریلوے وہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ2014 کے دھرنوں سے2021 کی ہائبرڈ رجیم تک سازش پوری طرح بے نقاب ہو چکی ہے، حقیقی آزادی کے لئے خوف کے بت توڑ دو۔ اسی لئے عمران آہنی گھونگھٹ میں عدالت جاتے اورگرفتاری سے بھاگتے ہیں۔انقلاب بھی تولاناہے، کارکن اپنی جانوں پرکھیلیں یامدمقابل کی جان سے۔فرق نہیں پڑتا، بس کپتان کاجیل نہ جانااورآہنی پردوں کے پیچھے چھپنا ،بچنالازم ہے۔ ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے ہفتہ کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 2014 کے دھرنوں سے2021 کی ہائبرڈ رجیم تک سازش پوری طرح بے نقاب ہو چکی، سازشی از خود ایک دوسرے پر برس رہے اور راز کھول رہے ہیں۔آئین، انصاف، جمہور اور عدل سے کھلواڑ کی کئی ،وارداتیں ابھی تک سینوں میں ہیں، آئین پرعمل ہی عافیت کا راستہ ہے مگراسے با ئی پارٹس لاگوکرنا انصاف کاخون ہے ۔چند لاڈلوں کو آئین وقانون سے ماوراء رکھنا اور ناپسندیدہ لوگوں کوآئین و قانون کے نام پر معتوب کیے رکھنا مزید نہیں چل سکتا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گو فائنل رائونڈ کیلئے صف بندی واضح ہو چکی ہے لیکن باہمی جنگ سے مکالمہ ہزار درجے بہتر ہے۔ تعصب زدہ جانبدارانہ فیصلے اور اقدامات جاری رہے تو انکار کی صدائیں روکنا ناممکن ہو جائیگا ۔