ملک کے بیشترعلاقوں میں شدید آندھی، طوفان، بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری سے موسم یکلخت تبدیل ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج آندھی اور طوفان کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ پشاور، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور سمیت بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کےمطابق راولپنڈی میں نوے اور اسلام آباد میں ستر کلومیٹر کی رفتار سے آندھی ریکارڈ کی گئی۔ پشاور ميں اسی کلوميٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شديد آندھی چلی جس کے بعد موسلا دھار بارش اور ژالہ باری شروع ہوگئی۔ آفریدی آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے خان محمد جاں بحق جبکہ اسکا بھائی اسلم خان شدید زخمی ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں جنوبی پنجاب، جنوبی سندھ اور بالائی بلوچستان میں کہیں کہیں تیز ہوائیں، آندھی چلنے اور بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب ملک کے بعض علاقوں میں گرمی کا زور برقرار رہا۔ ملک میں سب سے زیادہ گرمی دادو میں پڑی جہاں درجہ حرارت انچاس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ اس کےعلاوہ لاڑکانہ اور نوابشاہ سنتالیس، ملتان تینتالیس، کراچی سینتیس، لاہور تینتالیس، فیصل آباد بیالیس، گلگت بتیس، مظفرآباد چالیس، اسلام آباد انتالیس، پشاور انتالیس، کوئٹہ تینتیس اور مری میں چوبیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔