کراچی ميں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ ختم نہ ہو سکا آج پھر پانچ افراد جاں کی بازی ہار گئے۔

کراچی میں گزشتہ کئی روز سے جاری فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے،آج کورنگی نمبر پانچ میں نامعلوم افراد نوجوان کي لاش پھينک کر فرار ہوگيے جس کی شناخت نہيں ہوسکی ہے۔کورنگی ہی کے علاقے سی ون ايريا بلال کالونی ميں نامعلوم موٹر سائيکل سواروں نے فائرنگ کرکے پچیس سالہ عبد الشکور کو ہلاک کرديا۔ بہادر آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فیصل کریم نامی شخص جاں بحق ہوگیا،لیاری ندی سے چالیس سالہ نامعلوم شخص کی لاش بھی برآمد ہوئی۔ نيو کراچي ايوب گوٹھ کے قريب جھگڑے پر دوبھائیوں زاہد اور شاہد نے چھريوں کے وار سے اٹھائیس سالہ امتياز گوپانگ کو قتل کر دیا،پوليس نے دونوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔جبکہ پرانا گوليمار ، مچھر کالونی ، کورنگی اور مظفرآباد کالونی ميں فائرگ سے چار افراد زخمی ہوگئے۔