پاک بھارت سیکرٹری داخلہ کے مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا،دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

مری میں دو روز تک جاری رہنے والے دونوں ملکوں کے سیکرٹری داخلہ کے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے چونتیس نکاتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پراتفاق اور ممبئی حملوں کی مشترکہ تحقیقات پررضا مندی کا اظہار کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بھارت نے ایف آئی اے اورسی بی آئی کے مختلف معاملات میں تعاون کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے،دونوں ایجنسیاں جعلی کرنسی،منشیات اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کریں گی۔ مذاکرات میں سیکرٹری داخلہ کی سطح پر ہاٹ لائن قائم کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری داخلہ آر کے سنگھ کا کہنا تھا کہ دوستانہ ماحول میں ہونے والے مذاکرات میں سمجھوتہ ایکسپریس سانحے کی تحقیقات سے پاکستان کو آگاہ کیا، اس کے علاوہ پاکستان میں گڑبڑ کرنے والے افراد کیخلاف کاروائی کی جائےگی۔ آر کے سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت نہیں کر رہا ، پاکستان بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کرے۔اسکے علاوہ دونوں ممالک نے گرفتارماہی گیروں کی کشتیاں واپس کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔