وزیراعظم نے ڈسکہ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ڈسکہ میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ، نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے، متعلقہ ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی،ادھر پنجاب حکومت نے واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف سیکرٹری اس حوالے سے چیف جسٹس کو خط تحریر کرینگے، ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق جےآئی ٹی میں آئی ایس آئی اورآئی بی کےنمائندےشامل ہوں گے، دوسری جانب ٹی ایم اوڈسکہ کومعطل اوراےسی ڈسکہ کواوایس ڈی بنانےکےاحکامات بھی جاری کر دیئے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونگی، ذمے دارافراد قانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ پائیں گے،آئی جی پنجاب نے بھی ڈسکہ فائرنگ پر ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے-