پی آئی اے کی آمدنی میں رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 7 فیصد اضافہ ہوا۔ ترجمان
رواں مالی سال 2017-18 کی تیسری سہ ماہی کے دوران قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کی آمدنی میں 7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوری تا مارچ 2018ءکے دوران قومی فضائی کمپنی کی آمدن 23.5 ارب روپے تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کی آمدنی 21.9 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی انتظامیہ نے آمدنی میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی اور اس حوالے سے سیلز اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں جامع اقدامات کے نتیجہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران پی آئی اے کا ریونیو 7 فیصد تک بڑھ گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے شیڈوصل کے مطابق پروازوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا ہے اور پروازوں کی دستیابی کی شرح 91 فیصد تک بڑھی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سروسز کے معیار میں بہتری کے لئے بھی متعدد اقدامات کئے ہیں جن سے کمپنی کی آمدنی کے فروغ میں مدد ملی ہے۔