فاٹا اصلاحات کے بل سے قومی اسمبلی میں سو سالہ پرانا قانون دفن ہوگیا۔ شاہ محمود قریشی
ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاٹا کو ضم کرنے کی آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے علاوہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے بغیر یہ آئینی ترمیم ہونا ممکن نہ تھا، ابھی ہم حکومت میں نہیں آئے اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے آنے لگی ہے ، اب فاٹا کے لوگوں کو خیبر پختونخواہ اسمبلی میں نمائندگی ملے گی ، فاٹا والوں کو بھی اب سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ سے انصاف ملے گا، فاٹا میں تعلیم اور صحت کے منصوبے شروع ہوں گے، کل 228 ووٹ درکار تھے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ جنہوں نے اتفاق رائے سے ووٹ دیا ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے منشور میں جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بھی شامل ہے ، اس لئے ہم نے متحدہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کو اپنا حصہ بنایا۔ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمشیہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں رخنہ ڈالا ہے ، بہاولپور والوں نے بھی ہمارا ایجنڈہ اور منشور قبول کر لیا ہے ، اب جنوبی پنجاب صوبہ بنتا نظر آ رہا ہے ۔