چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لے کر جانا چاہیے: حمزہ شہباز
لاہور: مسلم لیگ (ن) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے انٹرویو کے معاملے پر قومی اسمبلی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ’چیئرمین نیب کے انٹرویو پر تحفظات موجود ہیں جو باتیں کہی گئی ہیں اور جن صحافی سے یہ بات کہی گئی ہے وہ کہہ رہے ہیں ہم اپنی بات پر قائم ہیں اس کا مطلب ہےکہ نیب پارٹی بن چکاہے، چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لےکر جانا چاہیے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’کہیں پر نیب کہتا ہے حمزہ شہباز نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ بنایا جائے اور شہبازشریف کو کلین چٹ دی جائے، اسی انٹرویو میں کہا گیا کہ حکومت میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہیں ہم پکڑنا چاہتے ہیں لیکن حکومت گر جائے گی‘۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ’اس سے قوم ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہے، یہ کون سا احتساب ہورہا ہے حکومتی بینچوں سے پیار ہورہا ہے، آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مطالبہ ہےکہ اسمبلی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنے، قوم کے سامنے حقائق رکھے جائیں، یہ تماشہ نہیں آئینی عہدہ ہے، آپ لوگوں کو اندر کردیتے ہیں اور نکلتا کچھ نہیں، کالم میں جو انکشافات ہوئے پہلے ان حقائق کا فیصلہ ہونا چاہیے