نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا: ملک احمد خان
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا۔ ان خیالات کا اظہار وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، ملک احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کیا گیا، کیا رمضان شوگر ملز کے پیسے شہباز شریف نے بیرون ملک بھیجے؟ انھوں نے کہا کہ اگر پیسے بھیجے بھی گئے تو بتایا جائے کہ کس کے پیسے بھیجے گئے، کیا صاف پانی کمپنی کے پیسے باہر بھیجے گئے؟ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ کالم نگار اور چیئرمین نیب کے خلاف کیس فائل کریں گے، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا، نیب کیا کوئی ماورائے قانون ادارہ ہے، کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نیب سے گرفتاری کی وجوہ پر جواب نہیں دیا جاتا، کہا جاتا ہے کہ یہ خفیہ دستاویزات ہیں نہیں بتا سکتے، کس قانون میں اس طرح کسی کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔