بھارتی لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ 78 خواتین ارکان کامیاب
بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات میں 78 خواتین نے کامیابی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت میں ریکارڈ تعداد میں خواتین ارکان منتخب ہوئی ہیں، اس سے قبل 2014 میں 64 خواتین منتخب ہوئی تھیں۔
اس بار لوک سبھا انتخابات میں مجموعی طور پر 700 سے زائد خواتین نے انتخابات میں حصہ لیا تھا جس میں سے سب سے زیادہ 54 خواتین کو کانگریس نے ٹکٹ دیا تھا۔
کانگریس کے بعد خواتین کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے دوسرے نمبر پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی جماعت بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی)تھی جس نے 53 خواتین کو ٹکٹ دیے تھے۔
سب سے زیادہ خواتین بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش اور دوسرے نمبر پر مغربی بنگال سے کامیاب ہوئی ہیں۔اس بار لوک سبھا کے انتخابات لڑنے والی 700 سے زائد خواتین میں 220 خواتین آزاد حیثیت میں میدان میں اتریں تھیں۔
لوک سبھا کے انتخابات جیتنے والی معروف خواتین میں سونیا گاندھی، سمرتی ایرانی، مانیکا گاندھی، کرن کھیر، نصرت جہاں روحی، ساجدہ احمد، ہیما مالنی، رامیا ہری داس، ممی چکربورتی، پرگیا ٹھاکر سنگھ، متھو ویل کنیز موزی اور ریتا بھگونا جوشی شامل ہیں۔