وزیراعظم عمران خان کی نیب کو بلیک میلنگ کی مذمت کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیب کو بلیک میلنگ کر رہے ہیں جس کی مذمت کرتا ہوں۔ جب بات پرویز خٹک اور اتحادیوں پر آئی تو وزیراعظم بلیک میلنگ پر اتر آئے،لاڑکانہ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے رتو ڈیرو میں بچوں سمیت سیکڑوں افراد کے ایڈز مبتلا ہونے کے مسئلے پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی اور ایڈز میں بہت فرق ہے، ایچ آئی وی کا علاج نہ ہو تو دس سال بعد ایڈز کا مسئلہ ہوسکتاہے، لاڑکانہ اور رتوڈیرو میں ایچ آئی وی کی وبا ء نہیں ہے، ہر کسی کو آگاہی ہونی چاہیے کہ وہ خود کو ایچ آئی وی سے بچا سکے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ایچ آئی وی سزائے موت نہیں اس کا علاج ہوسکتاہے اور علاج موجود ہے، اس کیلیے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو انڈومنٹ فنڈبنانیکی ہدایت کی ہے، بیماری کی زد میں آنیوالوں کیلیے علاج کی سہولت پہنچانی ہوگی تاکہ یہ نہ پھیل سکے، ایچ آئی وی کے متاثرین کو زندگی بھرعلاج کی سہولت دی جائے گی۔
پی پی پی رہنما نے بڑھتی مہنگائی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نالائقی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، حکومت ٹیکس کمی کی وجہ سے گیس بجلی کے بل بڑھا رہی ہے، نیب گردی اور ایف آئی اے کا نظام چلنے سے تاجر خوفزدہ ہیں۔
چیرمین نیب کے خلاف ویڈیو اسکینڈل کے بارے میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہم پہلے یہ کہتے تھے کہ وزیراعظم عمران خان نیب پر دبا وڈال رہے ہیں لیکن اب وہ نیب کو بلیک میلنگ کرنے کی حد تک پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم کی نیب کو بلیک میلنگ کی کوشش کی مذمت کرتا ہوں ،
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دو معاونین خصوصی کے ذریعے ویڈیو کا میڈیا پر آنا محض اتفاق نہیں ہوسکتا، ہم ویڈیو لیک کرنے پر وزیراعظم اور ان کے معاونین خصوصی کی مذمت کرتے ہیں۔
حکومت نیب کو بلیک میل کر کے کنٹرول کرنا چاہتی ہے،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی ذاتیات کی سیاست نہیں کی، ہمیں صرف چیئرمین نیب کے انٹرویو پر اعتراض ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی ہے، کسی فرشتے کو بھی چیئرمین نیب بنا دیا جائے تو فرق نہیں پڑے گا کیونکہ آمر کا بنایا گیا نیب کا قانون ایک کالا قانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب گردی اور ایف آئی اے کا نظام چلنے سے بزنس مین خوفزدہ ہیں، اس نظام کی وجہ سے بزنس اور بیوروکریٹ کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ہی افطار کی مار تھی، افطار شروع ہونے سے پہلے تحریک انصاف اور حکومت کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئی تھیں بہت جلد دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی افطار کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی سمت ہے نہ رخ کہ کہاں جا رہی ہے؟یہ ایک نااہل حکومت ہے۔