پاک بھارت میچ کے بعد کرکٹرز اہلخانہ کو ساتھ رکھ سکیں گے، پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے دوران اپنے اہلخانہ کو پاک بھارت میچ کے بعد ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔پی سی بی کے مطابق مانچسٹر میں 16جون کو پاک بھارت کرکٹ میچ کے بعد ہی قومی کرکٹ کے کھلاڑی اپنے اہلخانہ کو ساتھ رکھ سکیں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے صرف حارث سہیل اور آصف علی کو اہلخانہ کو ساتھ لے جانے کی اجازت دی تھی۔پی سی بی کی نئی پالیسی کے مطابق اگر کوئی کرکٹر اپنے اہلخانہ کو ساتھ لانا چاہے گا تو اسے پورے ایونٹ کے دوران ان کی رہائش، کھانے پینے سمیت تمام تر انتظامات خود کرنے ہوں گے۔پی سی بی کے ترجمان نے خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ دیگر عالمی ٹیموں میں موجود رحجان کے بعد پی سی بی نے اہلخانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نومنتخب مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ ورلڈ کپ کی اوپننگ تقریب میں شرکت کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ وسیم خان پاک بھارت میچ تک انگلینڈ میں قیام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی چیئرمین احسن میاں قدرے تاخیر سے لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔قومی ٹیم ورلڈکپ میں 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 3جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہی ہوگا۔پاکستان کا تیسرا میچ 7جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹل میں جبکہ چوتھا میچ 12جون کو آسٹریلیا کے خلاف ٹانٹن میں ہوگا۔ایونٹ کے اہم ترین میچ میں 16جون کو پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے اور یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹرفرڈ میں کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم کا چھٹا میچ 23جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر ہوگا اور ساتواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 26جون کو ایجبسٹن میں منعقد ہوگا۔پاکستان کا آٹھواں میچ 29جون کو افغانستان جبکہ نواں میچ 5جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز میں ہوگا۔